اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں 80 روز سے راستوں کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے، ابتر صورتحال کے خلاف پاراچنار میں شہریوں کا شدید سرد موسم میں پریس کلب کے باہر دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں پیش آنے والے واقعات پر ملک کے مختلف شہروں میں دھرنا جاری ہے۔ ضلع کرم میں آمد و رفت کے راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مقامی رہائشیوں کو دواؤں اور خوراک کی قلت کا سامنا ہے، پاراچنار پریس کلب کے باہر احتجاج میں شریک افراد نے حالات معمول پر لانے اور بند سڑکیں فوری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔