اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج فوجی عدالتوں سے ملک دشمنوں کا خواب پورا کرنے والے مجرموں کو سزائیں دی گئیں، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج سزا پانے والوں میں وہ بھی شامل ہے، جس نے کور کمانڈر کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی تھی، جس نے وردی کی بے حرمتی کی تھی، جس نے اہلکاروں پر تشدد کیا تھا، جس نے گیٹ توڑا تھا، جس نے ٹی وی توڑا تھا، یہ سب وہ لوگ ہیں، جنہوں نے ملک دشمنوں کے خواب کو پورا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2 سال تک کیس چلانے کے دوران انصاف کے تمام تقاضے فراہم کیے گئے، آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، آج کے بعد کوئی شخص جرات نہیں کرے گا کہ وہ دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے، ایسا خواب پورا کرنے کی کوشش کرے، جو ہمارے دشمن دیکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں تمام ملزمان کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا، وکیل فراہم کیا گیا، فیملی تک رسائی دی گئی، کوئی شخص کورٹ کے سامنے موجود نہیں تو اس کا ٹرائل نہیں کیا جاسکتا، ابھی سز اپانے والوں کے پاس اپیل کے 2 حقوق باقی ہیں۔