اسلام ٹائمز۔ مرکزی جامع مسجد سکردو کے پیش امام علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے بلتستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جمعہ روز پاراچنار کے مظلومین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ ایک بیان میں شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ کل مورخہ 27 دسمبر 2024ء کو انجمن امامیہ بلتستان کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد مرکزی احتجاجی ریلی مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو سے یادگار شہداء تک نکالی جائے گی۔ علماء، اکابرین، سرکردہ گان، نوجوانان اور جوانان بلتستان شرعی زمہ داری سمجھتے ہوئے شرکت کریں اور بلتستان میں ایک منظم احتجاج ریکارڈ کرا کر ایک نئی تاریخ رقم کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ریاست چاہے تو گھنٹوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم اور امن و امان دوبارہ سے بحال کر سکتی ہے، ریاستی اداروں کا اس معاملے میں خاموش رہنا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہ کرنا ان کی نیت میں کھوٹ ظاہر کر رہا ہے۔ جلد از جلد راستوں کو کھولا جائے ورنہ پورے ملک میں حالات سنگین ہونگے۔ اگر حالات خراب ہوئے تو اس کی ذمہ داری ادارے، صوبائی حکومت کے پی کے اور وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کریں، یہ ہمارا اجتماعی فریضہ ہے۔ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا ناانصافی کو بڑھاوا دینا ہے۔