0
Thursday 26 Dec 2024 17:53

اسرائیل شام سے فی الفور نکل جائے، خلیج فارس تعاون کونسل

اسرائیل شام سے فی الفور نکل جائے، خلیج فارس تعاون کونسل
اسلام ٹائمز۔ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے کویت میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں خطے بالخصوص شام اور لبنان کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ عرب چینل الجزیرہ کے مطابق خلیج فارس تعاون کونسل کی وزارتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے قطر و مصر کی ثالثی پر مبنی کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فلسطین کے برادر عوام کے ساتھ اپنے مضبوط و مستقل کھڑے رہنے پر زور دیتے اور عالمی برادری سے، شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت روکنے اور شام کی تمام سرزمین سے اسرائیل کے فی الفور انخلاء پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور تاکید کرتے ہیں کہ گولان کی پہاڑیاں شام  کی اور عرب سرزمین کا حصہ ہیں۔

خلیج فارس تعاون کونسل نے کہا کہ شام پر اسرائیل کے بار بار کے حملے اور بفر زون پر قبضہ سمیت غیرقانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کا فیصلہ، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس کونسل نے شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ شام میں ایک جامع سیاسی عمل کے قیام کی تمام کوششوں کا احترام کیا جانا چاہیئے۔ خلیج فارس تعاون کونسل کی وزارتی کونسل نے لبنان کی موجودہ صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم (لبنان کے خلاف) اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ لبنان میں جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم لبنانی فوج اور اس ملک کی اندرونی سلامتی کی تنظیموں کے کردار کی اہمیت پر تاکید کرتے ہیں اور لبنان کی سلامتی و استحکام کی حمایت پر زور دیتے ہیں!
خبر کا کوڈ : 1180638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش