0
Friday 27 Dec 2024 10:10

عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران حکومت نے انتشار سے بچنے کیلئے حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، پیر مظہر سعید

عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران حکومت نے انتشار سے بچنے کیلئے حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، پیر  مظہر سعید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے نیلم پریس کلب کی حلف برداری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران حکومت نے انتشار سے بچنے کے لئے حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ دشمن عناصر کی سازشوں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لئے صحافی اپنا کردار ادا کریں۔ سوشل میڈیا پر افواہ سازی ریاست مخالف مہم کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، صحافی مثبت سرگرمیوں کو بھی اجاگر کریں۔ آزاد کشمیر میں آزادی اظہار رائے پر کوئی قدغن نہیں مثبت تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ نیلم میں سٹیٹ آف آرٹ پریس کلب کی عمارت تعمیر کر رہے ہیں۔ وسائل کی کمی کے باوجود صحافیوں نے عوامی مسائل، تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کیا۔ پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ترجمانی سنت ہے ہمارے نبی کریم نے کفار کی جانب سے پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے اس وقت کے جدید ذرائع ابلاغ شاعری اور تقاریر کے ذریعے اسلام کو گھر گھر تک پہنچایا۔ ہم سب کو بھی جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے دشمن کے پروپیگنڈے کا موثر اور بروقت جواب دینا ہو گا۔ فکری گمراہی اور نظریاتی انتشار قتل کرنے سے زیادہ خطرناک فعل ہے۔

انھوں نے کہا صحافی جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کی فکری رہنمائی کریں اور سوشل میڈیا پر نظریاتی انتشار کا موثر جواب دیں۔ اللہ تعالی نے انسان کو بیان کی طاقت دیکر دیگر مخلوقات سے ممتاز کیا ہے۔ ہمیں اس طاقت کو عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کیلئے استعمال کرنا ہو گا۔ صحافی اپنی بیان کی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے گزشتہ روز نیلم پریس کلب کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ نیلم کے صحافیوں نے اتفاق رائے سے کابینہ منتخب کر کے باقیوں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ نیلم پریس کلب کی عمارت کیلئے پی سی ون بن گیا ہے جلد ہی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت تعمیر کرائیں گے۔ انہوں نے نیلم پریس کلب کیلئے پانچ لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔ پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ حکومت کی ترجمانی محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے حالیہ بحران کے دوران ہم نے نیک نیتی کے ساتھ انتشار سے بچنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا اور صحیح الفاظ کے استعمال سے فضا کو پرامن رکھا۔
خبر کا کوڈ : 1180750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش