اسلام ٹائمز۔ صیہونی فوج کے ہاتھوں غزہ میں نئے قتل عام میں مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ منگل کی شام قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ النزلہ قصبے میں ایک آباد مکان پر بمباری کی۔ طبی اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج کی طرف سے کی گئی جارحیت میں 9 شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جبالیہ النزلہ میں خلہ اسٹیشن کے قریب "ابو وردہ” خاندان کی ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی بمباری میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ قابض اسرائیل فوج جارحیت، وحشیانہ جنگ اور غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرائم کو مسلسل 445 ویں دن بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی جارحیت پر فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ روزانہ اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے سوموار غزہ کی پٹی میں فلسطینی خاندانوں اور بے گھر افراد کے خلاف تین نئے قتل عام کیے جس کے نتیجے میں 21 شہری شہید اور 51 شہری زخمی ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔ غزہ کی پٹی کے خلاف مسلسل 445 ویں روز جاری اسرائیلی فوجی جارحیت میں 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک 45338 فلسطینی شہید اور 107,764 زخمی ہو چکے ہیں۔