0
Tuesday 24 Dec 2024 22:18

آپریشن کے اعلان کے بعد بنوں اور خیبر کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، پروفیسر ابراہیم

آپریشن کے اعلان کے بعد بنوں اور خیبر کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، پروفیسر ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے آپریشن کے اعلان کے بعد بنوں اور خیبر کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، فوجی آپریشن کے فیصلے کے خلاف 28 دسمبر کو بنوں میں عمائدین، سیاسی قائدین، تاجروں، علماء اور تمام مکاتبِ فکر کا گرینڈ جرگہ منعقد کریں گے۔ گرینڈ جرگہ میں آپریشن کے فیصلے کے حوالے سے مشترکہ لائحہ طے کیا جائے گا۔ آپریشن عزمِ استحکام اور بد امنی کے خلاف بنوں کے عوام نے قربانیاں دیں، وزیراعلیٰ اور کمانڈر پشاور نے ایپکس کمیٹی میں بنوں امن پاسون کی نمائندہ کمیٹی کے ساتھ معاہدہ کیا، ہمارے بار بار کے مطالبے کے باوجود اس معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ معاہدے میں ہمارے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ جمعہ خان روڈ کھلی ہوگی لیکن وہ سڑک آج بھی عوام کے لیے بند ہے۔ بنوں، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کی چھاؤنیاں عوام کے لیے نو گو ایریاز بنا دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں ہمارے ساتھ کیے گئے معاہدے پر فوج اور صوبائی حکومت دونوں عملدرآمد یقینی بنائے، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کی چھاؤنیوں کو عوام کے لیے کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی ٹیرارسٹ ایکٹ اور فورتھ شیڈول انسانیت سوز اور جنگل کے قوانین ہیں۔ تاجر رہنما ناصر خان بنگش کا نام فی الفور فورتھ شیڈول سے نکالا جائے اور اس قانون کو سرے سے ختم کیا جائے۔ یہ انسانیت کش قانون ہے جس میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بنک اکاؤنٹ سمیت سب کچھ بلاک کردیا جاتا ہے۔ دنیا کے مہذب معاشروں میں اس طرح کا کوئی قانون نہیں پایا جاتا۔ جنگل کا یہ قانون ہمارے حکمرانوں نے اس ملک میں لاگو کیا ہے اور فوج اس کا استعمال کرتی ہے۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی بنوں کے امیر مفتی عارف اللہ، سیکرٹری جنرل اعجاز الحق سورانی، سیاسی کمیٹی کے سربراہ مفتی صفت اللہ، بنوں چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر ناصر خان بنگش، عبدالرؤف قریشی، محمد یٰسین خان بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1180228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش