اسلام ٹائمز۔ حکومت خیبر پختونخوا نے نو ماہ کے دوران صحت کارڈ کی مد میں 30 ارب 30 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے صحت کارڈ فنڈز کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کی مد میں مارچ 2024ء سے 24 دسمبر 2024ء تک 30.3 ارب جاری کر دیے ہیں اور صحت کارڈ کیلئے موجود حکومت کے نو ماہ میں ریکارڈ ادائیگی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے صحت کارڈ فنڈز نہ ہونے کا کہہ کر بند کیا تھا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں خیبر پختونخوا نے دیگر صوبوں پر برتری حاصل کر لی ہے، خیبر پختونخوا عمران خان کے ویژن کے تحت اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کامیابی کی طرف گامزن ہے۔