0
Tuesday 24 Dec 2024 19:59

پاراچنار کی عوام کے مطالبات جائز ہیں ان کو تسلیم کیا جائے، علامہ صادق جعفری

پاراچنار کی عوام کے مطالبات جائز ہیں ان کو تسلیم کیا جائے، علامہ صادق جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری سمیت رہنماؤں نے وحدت ہاؤس میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاراچنار میں فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ایک مخصوص ملک دشمن گروہ فساد میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شیعہ قتل عام میں برابر کی ذمہ دار ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ شیعہ شہریوں کی نسل کشی پر جوابدہ ہیں، ضلع کرم دہشتگردوں کی آماجگاہ بن گیا ہے، گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل پاراچنار کے عوام کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے اور گزشتہ روز بھی دو جوانوں کو بے دردی سے شہید کرکے ان کی لاشوں کے ٹکڑے پاراچنار بھیجے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے غیور عوام نے شہداء کے جسد خاکی کے ہمراہ پاراچنار میں 5 روز سے دھرنا دیا ہوا ہے، اس پر امن احتجاج سے اظہار یکجہتی کیلئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی ملک گیر احتجاجی دھرنوں کا اعلان کردیا ہے جس کے ضمن میں کراچی میں مرکزی احتجاجی دھرنا نمائش چورنگی پر شروع کیا جارہا ہے، یہ احتجاجی دھرنا پاراچنار میں جاری احتجاجی دھرنے کی حمایت میں دیا جارہا ہے، جب تک پاراچنار کے مظاہرین کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہمارے دھرنے جاری رہیں گے۔

علامہ صادق جعفری نے کہا کہ پاراچنار میں صرف شیعہ نہیں بلکہ اہل سنت عوام بھی محاصرے کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اشیا اور ادویات سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے سبب انسانی بحران نے جنم لے لیا ہے، 50 سے زائد معصوم بچے ادویات کی قلت کے سبب شہید ہوچکے ہیں، شدید سکیورٹی کے خدشات کے باوجود اہلیان پاراچنار سے اسلحہ واپس لینا احمقانہ اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا طرز عمل ثابت کرتا ہے حالات کی خرابی اور راستوں کی بندش انہی کی ایما پر کی گئی ہے، بیرسٹر سیف کے بیان سے ہمارا شک یقین میں تبدیل ہوگیا ہے کہ صوبائی حکومت بھی ہمارے قتل عام میں شریک ہے، سکیورٹی کے نفاذ کے ذمہ دار ادارے شیعہ قتل عام کو روکنے میں مسلسل ناکام دکھائی دیتے ہیں، ملک کے طول و عرض میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت پاراچنار کے مظلومین کی حمایت میں احتجاجی دھرنے شروع ہورہے ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک پاراچنار کے عوام کا دھرنا جاری رہے گا ملک بھر میں احتجاجی دھرنے جاری رہیں گے، ہم پرامن قوم ہیں ہمیشہ ملکی سلامتی اور استحکام کی خاطر قیمتی شخصیات کی قربانیاں دی ہیں، وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی جان و مال کو یقینی بنائیں، ہمارے دھرنے ملک بھر میں پر امن ہوں گے، ہم عوام کو کوئی تکلیف نہیں دیں گے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری عدم استحکام اور انتشار عالمی استعماری قوتوں کا ایجنڈا ہے، ملک بھر کے عوام اور میڈیا سے گزارش ہے کہ پاراچنار کے مظلوم عام کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچائیں۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان فی الفور نااہل وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو برطرف کریں۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں علامہ مبشر حسن، علامہ نشان حیدر، مولانا ملک غلام عباس، مولانا اسحاق قرائتی، مولانا بشیر انصاری، مولانا محمد علی رحمانی، مولانا محمد رضا جعفری، رضی حیدر، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1180212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش