0
Tuesday 24 Dec 2024 18:41

بانی پاکستان نے عمر بھر نظم وضبط کی پابندی کی، خرم نواز گنڈا پور

بانی پاکستان نے عمر بھر نظم وضبط کی پابندی کی، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے 25 دسمبر قائد اعظم کے یوم پیدائش پر منعقدہ خصوصی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نظم و ضبط کا نام تھے، اگر آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں تو اس کی وجہ بانی پاکستان کی وقت کی پابندی اور نظم و ضبط سے عبارت زندگی ہے، آج اگر پاکستان بحرانوں کی دلدل بنا ہوا ہے تو اس کی واحد وجہ نظم و ضبط کو پس پشت ڈال دینا ہے، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے بغیر انسانی معاشرے کو انسانی معاشرہ قرار نہیں دیا جا سکتا، انگریز کا برصغیر پر غاصبانہ قبضہ تھا، وہ حاکم تھا مگر حاکم ہونے کے باوجود وقت کی پابندی ان کی گھٹی میں تھی، اس کے برعکس برصغیر کے آخری مسلم فرمانروا حکمران وقت کا ضیاع کرنیوالے تھے، تاریخ کی کتابوں میں لکھا ہوا ملتا ہے کہ انگریز عہدیداروں کے جو لنچ کا وقت ہوتا تھا وہی وقت مغل حکمرانوں کے ناشتے کا ہوتا تھا، پھر اسی بہادر شاہ ظفر نے اپنی زندگی کے آخری دن ایک انگریز افسر کے گیراج میں قیدی کی حیثیت سے گزارے اور ہندوستان کے بلا شرکت غیرے اس حکمران کی آخری آرزو یہ تھی کہ تازہ ہوا کیلئے گیراج کی کھڑکی کھول دی جائے، اور پھر اس فرمانروا کی نماز جنازہ کی ادائیگی کیلئے بندے بھی دستیاب نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعات عبرت کیلئے ہیں، ان واقعات سے ہمیں سیکھنا چاہیے جو قومیں وقت کی قدر نہیں کرتیں وقت ان کی قدر بھی نہیں کرتا، بانی پاکستان انگریزوں سے بڑھ کر انگریزی بولتے تھے، انگریزوں سے بڑھ کر وقت کی پابندی کرتے تھے اور انھوں نے انہی صفات کی بدولت انگریزوں سے الگ وطن کا مطالبہ منوایا، اگر ہم قائداعظم محمد علی جناح کو مانتے ہیں تو پھر ان کی نظم و ضبط اور پابندی وقت والی زندگی کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، تقریب بانی پاکستان کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کی سلامتی و حفاظت کے لیے دعا کی گئی، تقریب میں بریگیڈیئر ر اقبال احمد خاں، انجینئر رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی،جواد حامد، سہیل احمد رضا، بریگیڈیئر ر عمر حیات،رانا وحید شہزاد، عین الحق بغدادی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، انجینئر محمد ثناءاللہ، شعبہ جات کے سربراہان، و دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1180195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش