اسلام ٹائمز۔ بانی تحریک انصاف عمران خان کے سابق میڈیا کوارڈینیٹر جاوید بدر نے پنجاب پولیس سے تحفظ مانگ لیا۔ جاوید بدر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے درخواست دیدی ہے۔ جاوید بدر نے پنجاب پولیس کو درخواست آن لائن سسٹم کے ذریعے جمع کروائی۔ تحریک انصاف کے سابق رہنما نے آئی جی پنجاب کو کہا ہے کہ آپ کے علم میں ہونا چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کی کرپشن و دہشتگردی بے نقاب کرنیوالا صوبہ پنجاب کا رہائشی ہوں، مُجھ پر عمرانی دور میں بھی حملہ ہو چُکا ہے۔ جاوید بدر نے مزید لکھا کہ چودھری پرویز الہی کے دورِ حکومت میں ایف آئی اے کے ذریعے دباؤ ڈلوا گیا، پی ٹی آئی کے غُنڈوں نے مُجھے اور میرے بچوں کو دھمکیاں دیں۔ جاوید بدر نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کیساتھ تحریک انصاف کے تعلقات کے انکشافات کرنے پر خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ میاں نواز شریف سے مُعافی مانگنے پر بھی مجھے بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
جاوید بدر نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ دو دفعہ گھر تبدیل کر چُکا ہوں، شناخت کروانے سے ڈر لگتا ہے، میری درخواست کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے بھی فوری نوٹس لینے کی درخواست ہے۔ جاوید بدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی ایک سکے کے دو رُخ ہیں، پہلے بھی اسی دہشتگرد ٹولے کی وجہ سے میں مُلک چھوڑ گیا تھا، اب وزیراعلئ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے تحفظ کی اُمید ہے۔ جاوید بدر نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ تنقید کرنیوالوں سے بدلہ لینے کی سیاست کی ہے، پی ٹی آئی جماعت کی مُجموعی سوچ ریاست مُخالف بن چُکی ہے، میں نے ٹی ٹی پی سے عمرانی تعلق کا پردہ چاک کیا، مُجھے پہلے بھی ٹی ٹی پی سے دھمکی مل چُکی ہیں۔ جاوید بدر کا کہنا ہے کہ گھر سے باہر جانا اور کام کرنا مُشکل ہوگیا ہے، لیکن میں پاکستان کیلئے سچ بولتا تھا اور بولتا رہوں گا، جو جماعت ریاستی فوج پر حملہ آور ہوسکتی ہے، اُس کے سامنے عام آدمی کیا چیز ہے۔