اسلام ٹائمز۔ غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں پیر کی شام اسرائیلی بمباری سے پانچ امدادی اہلکار شہید ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق دیر البلح کے مشرق میں صلاح الدین اسٹریٹ پر العودہ فیکٹری کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون نے امدادی قافلے کی گاڑی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اس کی حفاظت پر مامور 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے چار شہداء کی شناخت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہداء میں سید درویش، محمد درویش، حسن ابو کریم، سلمان ابوغرابہ اور ابراہیم شاہین شامل ہیں۔
غزہ کی پٹی میں 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں انسانی امداد فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف یہ دوسرا قتل عام ہے۔ اتوار کی شام غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں اسرائیلی بمباری سے 5 امدادی کارکن شہید اور 30 کے قریب دیگر شہری جو امداد کے انتظار میں تھے زخمی ہوئے۔