اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویزن کے زیراہتمام ضلع کرم کے راستوں کی بندش، پارا چنار میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کی عدم فراہمی کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کارکنوں سمیت خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس موقع شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کی۔ مظاہرین نے گزشتہ روز پارا چنار میں بے دردی سے تکفیرویوں کے ہاتھوں ذبح ہونیوالے جوانوں کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ دونوں شہیدوں کے خاندان والے پارہ چنار کے سرد ترین موسم میں جنازے سڑک پر رکھ کر سراپا احتجاج ہیں۔ صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ دو ماہ سے زائد ہوگئے ہیں، پارا چنار کے تمام راستے بند ہیں، لیکن حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بھی سودے بازی کر رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئینی ترمیم سمیت دیگر معاملات میں حکومت کے موقف کی تائید کریں اور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران یاد رکھیں، ہماری درسگاہ کربلا ہے، ہم کبھی بھی باطل کیساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمارے سر تو کٹ سکتے ہیں، لیکن جھک نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کے پی کے حکومت اور وفاق سے مطالبہ ہے کہ فی الفور کرم کے راستوں کو کھلوایا جائے، سفری سہولیات فراہم کرتے ہوئے سفر کو محفوظ بنایا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ چند شرپسند تکفیری ہی اگر حکومت سے قابو نہیں ہو رہے تو حکمران استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔ دیگر مقررین نے بھی کے پی حکومت کے جانبدارانہ رویے کی مذمت کی اور کرم کے بند رستوں کو فوری کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرم کے عوام کبھی بھی صوبائی حکومت کے ایماء پر اسلحہ جمع نہیں کروائیں گے، یہ کرم کے عوام کو نہتا کر کے قتل کروانے کی گھناونی سازش ہے، اور اس کے پیچھے عالمی استعمار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی قوتوں کی آلہ کار بن کر اپنے ہی عوام پر تشدد اور قتل و غارت کی پالیسی نہ اپنائے۔