اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں کرسمس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دے دیا۔ مریم نواز شریف نے کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو کرسمس انتظامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے لاہور سمیت تمام بڑے شہروں کے گرجا گھروں میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری بڑھانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے کرسمس تقریبات کے دوران ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس میثاق سینٹر میں مسیحی برادری کے ساتھ کیک کاٹ کر اظہار یکجہتی کرنے کا فیصلہ کیا اور سستے بازاروں میں مسیحی برادری کیلئے خصوصی ڈسکاونٹ دینے کی ہدایت کی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسیحی بھائیوں کی سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں، گرجا گھروں کے ارد گرد صفائی کیلئے متعلقہ محکمے ذمہ داری ادا کریں۔