0
Monday 23 Dec 2024 21:09

اسلام آباد، کرم یوتھ کونسل کے ممبران کی ترجمان جی بی حکومت سے ملاقات

اسلام آباد، کرم یوتھ کونسل کے ممبران کی ترجمان جی بی حکومت سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ کرم یوتھ کونسل کے عہدیداروں نے ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق سے جی بی ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات کرم اور پاراچنار میں قیام امن کے سلسلے میں وہاں کی نوجوان نسل سمیت اسٹیک ہولڈرز کی زمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کرم یوتھ کے امن کے قیام کی تڑپ اور جستجو دیدنی تھی، کرم یوتھ کونسل کے صدر ریحان اور اسماعیل چمکنی وغیرہ نے کہا کہ ہمیں امن چاہئے، اس وقت کرم کے حالات ناگفتہ بہ ہیں، وہاں انسانیت سسک سسک کر دم توڑ رہی ہے، نوجوان چاہتے ہیں ملکر انسانی بنیادوں پر پرامن معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرے۔
 
اس موقع پر ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق نے کہا کہ مسلکی تقسیم سے باہر نکلتے ہوئے انسانیت کی بقاء کیلئے آگے بڑھیں، پرامن پاراچنار ہی وہاں کے مکینوں کی خوشحالی و ترقی کی ضمانت ہے، مسلکی بنیادوں پر کوئی کسی کو ختم نہیں کر سکتا ہے اور نہ ہی تقسیم و انتشار میں اجتماعی فوائد ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بیرونی ممالک کی دشمن طاقتیں آپ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، اسلئے وہاں مسلکی فالٹ لائن سے کھیلنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ محب وطن نوجوان بغیر کسی تفریق کے آگے بڑھتے ہوئے امن کیلئے کردار ادا کریں۔
 
انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرہ اور ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لئے نوجوان نسل پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارہ چنار کے افسوس ناک واقعات کے سلسلے میں سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنے کا دشمن کا ایجنڈا ہے اور ہم بغیر تحقیق کے ہر قسم کے بیانیہ کو پروموٹ کرتے ہیں جو کہ افسوس ناک پہلو ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کو امن، ہم آہنگی اور ترقی کیلئے استعمال کریں۔
خبر کا کوڈ : 1180014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش