اسلام ٹائمز۔ ولادت با سعادت سیدہ فاطمۃ الزہرا (س) کی مناسبت پر جہاں دنیا بھر میں محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے وہی وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے تقاریبِ روز مادر کا انعقاد رہا جن میں حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل معلمات اور دیگر علماء کرام نے سیرت زہرا (س) پر روشنی ڈالی۔ خاتون جنت خیر النساء العالمین سیدہ فاطمۃ الزہرا (س) کے ولادت باسعادت کی مناسبت سے جن مقامات پر جشن میلاد سیدہ کے سلسلے میں محافل منعقد ہوئی ان میں مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد، انجمن کے زیر انتظام مکاتب شامل ہیں۔ اس موقعہ پر علماء کرام نے حضرت فاطمہ الزہرا (س) کی سیرت کردار و عمل اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے تمام خواتین کے لئے حضرت زہرا (س) کی ذات کو نمونہ عمل قرار دیا۔
قدیمی امام بارگاہ حسن آباد میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جناب سیدہ (س) کی شان و عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جناب سیدہ (س) دنیائے بشریت کی برگزیدہ خواتین میں اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں۔ جناب سیدہ (س) تمام اولین و آخرین خواتین عالم کی سردار ہے جب کہ دیگر برگزیدہ خواتین صرف اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار تھیں۔ پیغمبر اکرم (ص) متواتر اپنے قول و عمل سے جناب سیدہ (س) کی شان او ر عظمت کو واضح کرتے رہے تاکہ مسلمان اس با برکت خاتون کے کردار عمل سے فیض پاکر صراط المستقیم پر گامزن رہ سکیں۔ جناب سیدہ (س) کی ذات اقدس صنف نازک کے حقیقی مقام و مرتبے کی آئینہ دار ہے شہزادی کونین (س) سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ خواتین ملت انفرادی اور اجتماعی زندگی کے ہر موڑ پر دین و شریعت کی پابندی اور پاسداری کریں اور افراد ملت شریعت میں خواتین کے لئے تفویض کئے گئے حقوق کی ادائیگی میں کوئی لیت و لعل نہ کریں۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ برگزیدہ دینی شخصیات کا تذکر و تفکر ایمان و عقیدے کا ایک لازمی جز اور سرتازگی کا بہترین ذریعہ ہے۔