اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام نظریاتی نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے پندرہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ میں اپنے امیدوار کو پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک کے حق میں دستبردار کر دیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ نظریات کی بنیاد پر امیدوار کو دستبردار کر رہے ہیں۔ جمعیت نظریاتی کے مرکزی رہنماء مولانا عبدالقادرلونی، قاری مہر اللہ، عبدالستار چشتی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی مدد جتک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بہت سے امیدوار آئے، لیکن ہم نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ ہم اپنا امیدوار پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک کے حق میں دستبردار کرائیں گے۔ اس لئے جمعیت نظریاتی کے تمام ووٹرز 5 جنوری کو پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک کو اپنا ووٹ دیں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ جمعیت نظریاتی نے میری حمایت کا اعلان کرکے ثابت کر دیا کہ 5 جنوری کو جیت میری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کے استعمال کا پراپیگنڈہ بہت پرانا ہے۔ میں پہلے بھی جیت چکا تھا، 5 جنوری کو میری جیت یقینی ہے۔ جمعیت نظریاتی اور پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ اس لئے انہوں نے اس حلقے پر میری حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقے میں ترقیاتی عمل شروع کیا تھا۔ ہمارا مشن تھا کہ پانچ سال میں سریاب سے بے روزگاری کا خاتمہ کرکے لوگوں کے بنیادی حقوق اور مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کام کریں۔ لیکن مخالفین نہیں چاہتے کہ سریاب میں کام ہو، اس لئے وہ میرے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ مجھے ان کی کوئی پروا نہیں ہے۔