اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے گذشتہ روز سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنے سفارتی مشن کا آغاز کر دیا ہے۔ سعودی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ مشن کے دوبارہ آغاز کا مقصد افغان باشندوں کو خدمات فراہم کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سفارتی مشن نے کہا کہ یہ قدم سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جسے دونوں اقوام کے درمیان فروغ دیا جائے گا۔ اگست 2021ء میں افغان جمہوری حکومت کے سقوط کے بعد متعدد غیر ملکی سفارت خانوں نے کابل میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں اور ملک میں رسمی نمائندگی ختم ہوگئی تھی۔ سعودی عرب کے سفارت خانے کے عملے نے بھی 5 فروری 2023ء کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کابل چھوڑ دیا تھا۔