اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور نوجوانوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت نشانہ بنانے کا بہیمانہ عمل تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذموم بھارتی کارروائیوں کا واحد مقصد مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو جبر و طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے، کشمیریوں سے ان کی زمینیں چھین کر اپنے ہی وطن میں اجنبی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے لہذا یہاں کیے جانے والے بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور اس پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباﺅ ڈالے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام میں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ آج جب ”انسانی یکجہتی کا عالمی دن“ منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی توجہ کا متقاضی ہے جہاں بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق و انصاف پر یقین رکھنے والوں کو چاہیے کہ وہ محکوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں اور انہیں غیر قانونی بھارتی تسلط سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کریں۔