اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ اہم بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، انسان کا سب سے اہم اور بنیادی حق آزادی اظہار رائے ہے، بدقسمتی سے یہاں عوام کی آواز کو دبایا جارہا ہے، آزادی اظہار سے روکنا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، جھوٹے کیسز، جبری گمشدگیاں، تشدد، جبر سمیت انسان حقوقی کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے عوام کے دلوں میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا تعلیم بنیادی انسانی حق ہے لیکن پاکستان میں کروڑوں بچے اسکولوں سے محروم ہیں، شرح خواندگی کم ہونے کی وجہ سے عوام کو بنیادی انسانی حقوق کے بارے میں علم نہیں ہے ہمارے ہاں قوانین موجود ہیں، آئین بھی انسانی حقوق کی گارنٹی دیتا ہے، پاکستان میں آئین اور قانون پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بدقسمتی سے انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا میں ہمارا ملک کا شمار بدترین ممالک میں ہوتا ہے، ہمارے ہاں قوانین تو بنا لیے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد کا میکنزم نہیں بنایا جاتا، سب طاقت اور اپنی ذات کیلئے کام کر رہے ہیں۔