اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلے کو ایک انسانی بحران قرار دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان کی حیثیت کے بارے میں واضح پالیسی اختیار کرے۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انہیں واپس بھیجا جا سکتا ہے تو ایسا کریں لیکن اگر یہ ممکن نہیں ہے تو ہم انہیں بھوک اور سردی سے مرنے کے لئے نہیں چھوڑ سکتے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے زور دے کر کہا کہ جب تک یہ مہاجرین بھارت میں ہیں، یہ قوم و ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے ساتھ بہتر انسانی سلوک کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انہیں یہاں مدعو نہیں کیا تھا، اگر مرکزی حکومت نے اپنی پالیسی تبدیل کر لی ہے، تو وہ انہیں جہاں مناسب سمجھیں وہاں منتقل کر دیں لیکن ان کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو سیاست کے بجائے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے دیکھیں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ہندوستان کو ایک بھرپور روایات اور ذمہ داریوں کے حامل ملک کے طور پر اپنی اقدار کے مطابق پناہ گزینوں کا مناسب خیال رکھنا چاہیئے۔