اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مشعال ملک نے ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کے زیراہتمام پاک چائنہ فرینڈ شپ میں انسانی حقوق سے متعلق ایک تصویری نمائش میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بچوں کے قبرستان میں تبدیل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموش ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیری حریت رہنماء محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے پھانسی دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہے اور بھارت عالمی مبصرین اور فیکٹ فائنڈنگ مشنز کو مقبوضہ کشمیر آنے کی اجازت نہیں دے رہا۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی ُکی کوئی خبر نہیں دی جاتی ہے۔ مشعال ملک نے مزید کہا کہ غزہ میں بچوں کے خلاف صہیونی افواج کے وحشیانہ اقدامات قابل مذمت ہیں اور دونوں مقبوضہ علاقے بچوں کے قبرستان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں مظالم کی انتہا کر دی ہے اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانی چاہیے۔ مشعال ملک نے کہا کہ ایک منفرد نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں کشمیر اور فلسطین کاز کو اجاگر کیا گیا ہے۔