اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیوں میں 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران عمرے کی آڑ میں غیر قانونی سفر کرنے والے مسافر محمد مزمل کو گرفتار کر لیا، جس کے پاسپورٹ پر جعلی معلومات درج تھیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پاسپورٹ پر جعلی جائے پیدائش لکھوائی ہوئی تھی، ملزم کی جائے پیدائش لودھراں ہے، جبکہ ملزم نے جائے پیدائش سرگودھا ظاہر کرکے عمرہ ویزا حاصل کیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عمرے کی آڑ میں سعودی عرب ملازمت کے غرض سے جا رہا تھا۔
ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی میں جعلی دستاویزات پر سفر کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا، جن کی شناخت قربان اور محمد تہران کے ناموں سے ہوئی، جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ مسافروں نے پاکستانی پاسپورٹ پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش کی، مسافروں کی جانب سے پیش کئے جانے والے ویزے جعلی نکلے، امیگریشن سکینڈ لائن آفس کی فرانزک رپورٹ کے مطابق ویزوں میں خفیہ خصوصیات موجود نہ تھیں۔ تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔