0
Monday 9 Dec 2024 17:34

داعش اور کُرد دہشتگردوں کو شام کی صورتحال سے فائدہ نہیں اٹھانے دینا چاہئے، ترکیہ

داعش اور کُرد دہشتگردوں کو شام کی صورتحال سے فائدہ نہیں اٹھانے دینا چاہئے، ترکیہ
اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" نے کہا کہ داعش اور P.K.K نامی کُرد دہشت گردوں کو شام کی صورت حال سے فائدہ نہیں اٹھانے دینا چاہئے۔ هاکان فیدان نے کہا کہ ہم شامی سرزمین کی خود مختاری کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شامی مہاجرین کی محفوظ واپسی، قیام امن اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے اپنی ذمے داریاں پوری کریں گے۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کی سابقہ حکومت نے عوام کے ساتھ مصالحت کا راستہ اختیار نہ کیا اور نہ ہی امن کے لئے "رجب طیب اردگان" کی تجاویز پر غور کیا۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ ہمیں امید ہے کہ شام میں عوام کے تمام گروہ گھل مل کر رہیں گے اور ایک نئے شام کی بنیاد و علاقائی امن و استحکام کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیا شام اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن و سکون کے ساتھ رہے اور ہم اس امر کے لئے کوشش بھی کریں گے۔

ھاکان فیدان نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ اور عالمی اسٹیک ہولڈرز سے توقع ہے کہ وہ شام میں ایک وسیع عوامی حکومت کی تشکیل کی حمایت کریں گے۔ شام میں مستقل امن کا حصول صرف وہاں کی عوام کے درمیان بات چیت سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل نو کے اس مرحلے پر انقرہ، دمشق کے ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری جانب ھاکان فیدان نے کہا کہ اسرائیل، غزہ میں اپنے نسل پرست اقدامات بلا روک ٹوک جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم نے اسرائیل سے تجارت بند کر دی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اقوام متحدہ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ ہم نے تمام بین الاقوامی فورمز پر فلسطین کو باضابطہ خودمختار ریاست تسلیم کروانے اور اسرائیل کا راستہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم غزہ میں جنگ بندی کے لئے اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1177352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش