اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن ڈائریکٹوریٹ آف ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ایوارڈ تقریب 2024 میں نصرت دین و خدمت دین میں پیش پیش احباب کی خدمات پر انھیں خراج تحسین اور ایوارڈ پیش کیے گئے جو احباب اس خدمت کے دوران اس جہان فانی سے کوچ کر گئے ان کی اولادوں کو ایوارڈز دیئے گئے، ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ خدمت دین، نصرت دین اور انسانیت کی خدمت کے اعمال توشہ آخرت ہیں، یہ نیکیاں کبھی رائیگاں نہ جائیں گی، ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ نسلوں کے اخلاق و کردار اور ایمان کی حفاظت کیلئے عالمگیر مساعی جاری رکھے ہوئے ہیں، منہاج القرآن علم، امن، اعتدال اور خدمت انسانیت کے فروغ کی تحریک ہے، منہاج القرآن عدم برداشت، نفرت، تقسیم و انتشار کے اس دور میں اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، اللہ اور اس کے رسول ؐکے دین کی ترویج و اشاعت اور فروغ کیلئے خرچ کیے گئے وسائل اور بروئے کار لائی جانے والی توانائیاں یوم آخرت آپ کے کام آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جسے نظر بد کہا جاتا ہے درحقیقت وہ بداعمال کا ردعمل ہوتا ہے اگر نظر بد سے محفوظ رہنا چاہتے ہو تو لوگوں کو ستانا اور اپنی اچھائیوں پر اترانا بند کر دیں، اطاعت و قناعت اور اعتدال و عاجزی والی زندگی اختیار کریں۔ منہاج القرآن نے امہ کے بچوں، بچیوں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی انسٹی ٹیوٹس قائم کیے، یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی کفالت کے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے قائم کیے، مخیر حضرات کو ان فلاحی اداروں کے دورہ کی دعوت عام ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے خراج تحسین پیش کرنے کی عظیم الشان تقریب منعقد کرنے پر ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ شاہد لطیف اور سینئر راہنما حاجی محمد امین قادری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔