اسلام ٹائمز۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی بار نے سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکیل فیصل صدیقی کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں چاروں صوبوں وفاقی، الیکشن کمیشن، اسپیکر اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ کراچی بار نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے، اس کے تحت بنائے گئے آئینی بینچز اور ان کے فیصلوں کو بھی ختم کیا جائے، 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ کراچی بار نے مزید کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم بنیادی حقوق کے برخلاف ہے۔