اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ علماء کرام اعتدال پسندی کو فروغ دیں، بطور مسلمان انسان ہمارا کردار پاکیزہ ہونا چاہئے، اسلام ایک پاکیزہ دین اور مذہب ہے جو اپنے ماننے والوں کو عفت وعصمت سے بھرپور زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے، بطور مسلمان ہمیں اپنی زندگی کو اسلامی طریقوں کے مطابق گزارنا ہوگا، دنیا اور آخرت میں کامیابی نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ممکن ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے سال 2024 کے دوران وفات پانے والے جامعہ نعیمیہ سے وابستہ افراد کے ایصال ثواب کیلئے نعیمین ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ ”سالانہ تعزیتی ریفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مفتی ندیم قمر، مفتی کریم خان، ڈاکٹر وارث علی شاہین، پیر ضیاءالحق نقشبندی، مولانا شفقت علی یوسفی سمیت دیگر خطاب کیا جبکہ نعت رسول مقبول علامہ علی رضا صابری جبکہ تلاوت قرآن کریم کی سعادت قاری جمیل احمد نے حاصل کی۔
تقریب میں مولانا محبوب احمد چشتی، ڈاکٹر سلیمان قادری، قاری مولانا ارشد جاوید، مولانا عبدالقیوم نعیمی، ڈاکٹر عمران نظامی، علامہ افتخار احمد نعیمی، حافظ محمد سلیم، فواد رضا، مفتی محمد عارف حسین، مفتی قیصر شہزاد نعیمی، علامہ غلام یاسین باوری، قاری ظہیر احمد، قاری مبشر احمد، قاری محمد امین، منیر احمد، مفتی عبدالستار سعیدی، قاری غلام محی الدین، قاری اشفاق احمد، علامہ مختار ندیم، قاری فدا حسین قادری سمیت اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے قبل مرحومین کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور اختتام پر بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔