اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ حضرات حسن اور حسین میرے بیٹے ہیں۔ سورہ آیہ مباہلہ میں حضرات حسنین کریمین (ع) کو رسول اللہ (ص) کے بیٹے قرار دیا۔ انہوں نے چک ضلع شکارپور میں سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروردگار عالم نے انبیاء الٰہی کے لئے ہمیشہ ان کے اہل بیت اور ذریت میں سے وارث اور جانشین کا انتخاب کیا۔ حضرت زکریا نبی علیہ السلام نے اللہ تعالٰی سے دعا کی کہ مجھے فرزند عطا کر جو میرا وارث بنے اور آل یعقوب کا وارث بنے۔ اسی لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ حضرات حسن اور حسین میرے بیٹے ہیں اور قرآن کریم نے آیہ مباہلہ میں حضرات حسنین کریمین علیہما السلام کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیٹے قرار دیا۔ قرآن مجید گواہ ہے کہ انبیاء کرام علیہم السلام لاوارث نہیں ہوتے۔
بعد ازاں ڈاکٹر وقار علی اور صحافی گلزار علی سیٹھار کی رہائش گاہ پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کی خدمت کی بجائے کرپشن اور کمیشن کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔ اسی وجہ سے سندھ کے شہر اجڑے ہوئے اور عوام لاوارث ہیں، جبکہ ضلع شکارپور، کشمور سمیت سندھ کے اکثر علاقوں میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔ چوری، ڈاکے اور اغواء کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ ضلع شکارپور میں اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کیا ہے۔ آل پارٹیز کے ساتھ مل کر ضلع میں امن و امان کی بحالی کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد کی ہے۔ آئندہ انتخابات میں بھی مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شکارپور کے ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، ضلعی جنرل سیکرٹری شاکر حسین سومرو، گلشیر علی سیٹار و دیگر موجود تھے۔