0
Sunday 8 Dec 2024 16:41

بلوچستان پولیس قیام امن کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، معظم جاہ انصاری

بلوچستان پولیس قیام امن کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، معظم جاہ انصاری
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔ صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہاں سیکیورٹی کا قیام ہر لحاظ سے دوسرے صوبوں کی بنسبت زیادہ پیچیدہ ہے۔ تاہم محدود وسائل اور قلیل تعداد کے باوجود بلوچستان پولیس بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔ شہری علاقوں میں پولیسنگ کے نظام مزید موثر بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراونشل سروسز اکیڈمی کے دورے اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ صوبے میں قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس مزید بہتر انداز میں امن کے قیام کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

معظم جاہ انصاری نے کہا کہ مشکل حالات اور قلیل وسائل کے باوجود محنت، لگن اور ایمانداری سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ جہاں پولیس کی کوتاہیاں ہیں، ان کی نشاندہی کی جائے۔ ان میں بہتری لانے کی تمام کوششیں جاری رکھیں گے۔ تاہم پولیس کی لازوال قربانیوں کو بھی سراہا جانا ضروری ہے۔ ان مشکل حالات اور کم وسائل میں بلوچستان پولیس دوسرے صوبوں کے وسائل کے مقابلے میں بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے۔ جس کیلئے ہمیں مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئے۔ انہوں نے صوبے میں پولیس خواتین کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور زیر تربیت افسران سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں خواتین کی رہنماء اور مدد کریں۔ انہوں نے اقلیتوں کی پولیس میں شمولیت، متناسب نمائندگی اور صوبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی کمیونٹی کی قانونی مدد کے حوالے سے پولیس کی کوششوں کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1177173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش