0
Thursday 5 Dec 2024 21:35

خیبر پختونخوا کے عوام پورے ملک کی جنگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین

خیبر پختونخوا کے عوام پورے ملک کی جنگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ فخر ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام پورے ملک کی جنگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق اور ترقی کی بات کی ہے۔ نو قائم شدہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن ان کی قربانیوں کا صلہ انہیں ابھی تک نہیں ملا، ایک وقت آئے گا سب کو قبائلی عوام کی قربانیوں کا احساس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع پر بھر پور وسائل خرچ کر رہی ہے لیکن وفاقی حکومت ضم اضلاع کے فنڈز نہیں دے رہی ہے، ضم اضلاع کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہر مہینے صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں، ضم اضلاع کی ترقی اور وہاں سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بہت جلد قبائلی عوام مثبت تبدیلی محسوس کریں گے اور ضم اضلاع کے حقوق کے لیے ہر دستیاب فورم پر آواز اٹھاؤں گا، قبائلی علاقوں کو دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لیے ایک جامع پلان کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے تعلیمی اور طبی اداروں میں تعینات جو بھی لوگ ڈیوٹی نہیں کر رہے، عوام ان کی نشاندہی کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ضم اضلاع کے 30 ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خواتین کی تعلیم کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، ہم بچیوں کی تعلیم پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ تعلیم یافتہ مائیں ہی ایک تعلیم یافتہ قوم کی ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بچیوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں اپنا اثاثہ بنائیں گے، ہماری بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں،  صرف انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم بچیوں کو تمام شعبوں میں بھرپور مواقع فراہم کریں گے، وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ طلبہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کریں، یہ کامیابی کی ضمانت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1176719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش