اسلام ٹائمز۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ نے عدالت سے انوکھی فرمائش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ نے اپنے وکیل فاروق حیدر جتوئی ایڈووکیٹ کے توسط سے تحریری درخواست دائر کی، جس میں عزیر بلوچ نے عدالت سے انوکھی فرمائش کر دی۔ عذیر بلوچ نے کہا کہ آپ سب جیل میں آکر خود دیکھیں میرے ساتھ کتنا ظلم ہو رہا ہے، ٹیلی ویژن دیا گیا ہے، لیکن ٹی وی کیبل مہیا نہیں کی گئی، نہ میں نیوز چینلز دیکھ سکتا ہوں اور نہ ہی کسی قسم کا انٹرٹینمنٹ کا کوئی پروگرام دیکھ سکتا ہوں۔ عذیر بلوچ نے درخواست میں کہا کہ مجھے جمعہ کی نماز تک مسجد میں ادا کرنے نہیں دی جاتی، نہ ہی ہفتے میں ایک دن اہلخانہ سے ملاقات کرائی جاتی ہے، جیل انتظامیہ کے اس رویئے کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وکیل صفائی فاروق حیدر جتوئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں، قانون کے مطابق اہلخانہ سے ملاقات بھی کروائی جائے۔ عدالت نے عزیر بلوچ کی درخواست پر سب جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ پولیس کے مطابق 2012ء میں لیاری آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر حملہ کیا تھا۔ گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ سمیت دیگر کیخلاف تھانہ کھارادر میں مقدمہ درج ہے۔