اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں نیو ایئر پارٹی کیلئے امریکا سے پاکستان اسمگل کی گئی منشیات پکڑی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ کی جانب سے انٹرنیشنل میل آفس میں ایک کارروائی کے دوران امریکا سے پارسل کے ذریعے 750 گرام میرجوانہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کلکٹر کسٹمز عدیم خان کے مطابق میرجوانہ منشیات کی مالیت 30 لاکھ روپے سے زائد ہے، جو پارسل میں موجود وائرلیس اسپیکر کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سال کی آمد سے قبل پارٹیوں میں استعمال ہونے والی مہنگی منشیات کی اسمگلنگ کے روک تھام کیلئے کلکٹریٹ نے بیرون ملک سے آنے والے مشکوک پارسلز کی نگرانی سخت کی ہوئی ہے۔ حکام نے امریکا سے بھیجے گئے ایک مشکوک پارسل کی اسکیننگ کرنے کے بعد جب تلاشی لی، تو میرجوانہ منشیات برآمد ہوئی۔ حکام نے مقدمہ درج کرکے پارسل ضبط کرلیا۔