0
Sunday 24 Nov 2024 19:07

اسرائیل، لبنان میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے، جوزپ بورل

اسرائیل، لبنان میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے، جوزپ بورل
اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ "جوزپ بورل" آج لبنان کے دارالحکومت "بیروت" پہنچے جہاں انہوں نے اس ملک کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام نہایت سنگین اور ناقابل برداشت ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ نے عالمی مسائل پیدا کئے۔ ایسے میں عالمی برادری ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتی۔ الجزیره کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ لبنان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ اس ملک کے جنوب میں درجنوں دیہات تباہ ہو چکے ہیں۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔ یہانتک کہ اسرائیل کے فضائی حملوں اب تک 3600 سے زائد لبنانی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے حملوں میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ہمیں لبنان میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اقوام متحدہ کے امن دستے "یونیفل" کے ساتھ اسرائیل کی محاذ آرائی بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ حالانکہ وہ یہاں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس لحاظ سے یونیفل پر اسرائیل کے حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جوزپ بورل نے مزید کہا کہ وہ ایک بار پھر فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف اقوام متحدہ کے ادارے UNRWA کی حمایت کرتے ہیں۔ غزہ و لبنان میں اس ادارے کا کوئی نعم البدل نہیں۔ میں عالمی برادری سے کہتا ہوں کہ وہ غزہ میں نسل کشی کو روکنے کے لئے قدم اٹھائیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ ہم لبنانی عوام و فوج کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم لبنان کی مسلح افواج کو 200 ملین یورو کی امداد دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی عہدیداروں کو اپنے ملک کے صدر کا انتخاب کر کے دو سالہ سیاسی خلاء کو پُر کرنا چاہئے۔ ہمیں جنگ بندی کے لئے اسرائیل اور حزب‌ الله کو امریکی تجاویز قبول کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اس لئے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی جانب سے نتین یاہو اور یوآف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کا معاملہ سیاسی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1174526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش