0
Sunday 24 Nov 2024 20:58

جے یو آئی کوئٹہ کا انٹرنیٹ سروسز کی سست روی پر اظہار تشویش

جے یو آئی کوئٹہ کا انٹرنیٹ سروسز کی سست روی پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کے کمزور ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو ترقی کی راہ میں رکاؤٹ قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمان رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر نے حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کو جان بوجھ کر کمزور یا سست کرنے کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ سروسز کی بندش عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے اور آزادی اظہار کو محدود کرنے کی آمرانہ کوشش ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف تجارت اور تعلیم کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ترقی یافتہ دنیا سے مزید پیچھے دھکیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی محدود دستیابی طلبہ، تاجروں، اور صحافتی دنیا کے لئے رکاؤٹ پیدا کر رہی ہے، جو پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انٹرنیٹ کی بندش یا سست روی کی پالیسی حکومت کی کمزوری اور مسائل کے حقیقی حل تلاش کرنے میں ناکامی کی علامت ہے۔ جے یو آئی ضلع کوئٹہ اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، کیونکہ ترقی پذیر دنیا میں ٹیکنالوجی معیشت اور تعلیم کا بنیادی ستون بن چکی ہے۔ ایسے اقدامات قومی ترقی کے خلاف ہیں۔ حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی سہولت کو بلا تعطل یقینی بنانا چاہئے اور ایسے فیصلوں سے گریز کرنا چاہئے جو قومی اور عوامی مفاد کے خلاف ہوں۔
خبر کا کوڈ : 1174544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش