اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سانحہ پارہ چنار میں نہتے مسافروں کا قتل عام ریاستی اداروں کی ناکامی ہے۔ ملک بھر میں کالعدم تکفیری جماعتیں سرعام جلسے جلوس کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں امام بارگاہ قصر عباس گڑھی خیرو میں اصغریہ آرگنائزیشن کے تنظیمی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ابن سینا لائبریری گڑھی خیرو میں آئی ایس او یونٹ گڑھی خیرو کے نوجوانوں اور گڑھی خیرو کے شیعہ رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، عزاداری کونسل کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی، سید ابراہیم شاہ، اصغریہ ارگنائزیشن گڑھی خیرو کے صدر غضنفر علی کھنڈ، قمر عباس جمالی، اللہ ڈنہ و دیگر موجود تھے۔
تنظیمی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں۔ نوجوان نسل کی تعلیم اور تربیت کے ذریعے قوم کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے۔ نوجوان اپنی تعلیم و تربیت کتابوں کے مطالعے اور اعلیٰ تعلیم پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے مظلوم شیعیان علی کے قتل عام پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ سانحہ پارہ چنار میں نہتے مسافروں کا قتل عام ریاستی اداروں کی ناکامی ہے۔ ملک بھر میں کالعدم تکفیری جماعتیں سرعام جلسے جلوس کر رہی ہیں۔ جنہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے، جبکہ کلعدم تکفیری جماعتوں کو بعض ریاستی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المومنین واجب ہے، کیونکہ قرآان کریم میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامو اور آپس میں تفرقہ نہ کرو۔ لہٰذا ہمیں اتحاد و وحدت کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ابن سینا لائبریری اور اصغریہ لائبریری کے لئے کتابوں اور رہبر معظم کی تصاویر کا تحفہ دیا۔