اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ کی طرف سے پارا چنار جانیوالے مسافروں پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پارا چنار جانیوالے مسافروں پر دہشتگردوں کا حملہ دل خراش سانحہ ہے۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ حیرت ہے کہ دہشتگرد فوج کے حفاظتی حصار میں جانیوالے قافلوں پر حملہ آور ہوئے، پارا چنار کے عوام ایک عرصے سے دہشتگردی اور حکومتی بے حسی کا شکار ہیں۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس کا مزید کہنا تھا کہ پارا چنار افغان بارڈر کیساتھ واقع علاقہ ہے، ریاستی ادارے امن قائم کرنے میں ناکام کیوں ہیں۔
علامہ افضل حیدری نے کہا کہ مسلسل جاری دہشت گردی سے لگتا ہے حکمران پارا چنار اور پشاور روڈ کو محفوظ بنانے میں ناکام ہیں، ایک طرف پاکستان آرمی خوارج کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مار رہی ہے، تو دوسری طرف خوارج معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ریاستی اداروں کو اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ علامہ افضل حیدری کا کہنا تھا کہ پارا چنار ایک عرصے سے غیر انسانی رویوں کا شکار ہے، پارہ چنار کے راستوں کو مستقل بنیادوں پر محفوظ بنایا جائے اس کیلئے پارا چنار میں امن کے قیام کیلئے آرمی آپریشن ضروری ہے۔