اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے بھارت کی مختلف جیلوں میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار پر ایک بار پھر تشویش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوان کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بہت سے لوگ جیلوں میں غیر انسانی حالات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں پرہجوم قیدیوں والے سیلوں میں قید کرنا، علاج معالجے کی ضروری سہولتوں سے انکار اور مناسب کارروائی کے بغیر مسلسل حراست میں رکھنا شامل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف من گھڑت الزامات ختم کریں اور انہیں فوری طور پر رہا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز نے بلوچستان میں بھارتی سرگرمیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگرد حملے کی تحقیقات جاری ہیں جس میں متعدد شہری جاںبحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ برس قبل ایک بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی طرف سے پاکستان میں چمپیئن ٹرافی میں شرکت نہ کرنے پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ پر کوئی پس پردہ بات چیت نہیں ہو رہی۔