اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک گلگت بلتستان کو چیئرمین لینڈ ریفارمز کمیٹی امجد ایڈووکیٹ اور ایس ایم بی آر کی جانب سے لینڈ ریفارمز ایکٹ کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاکہ لینڈ ریفارمز گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ صوبائی حکومت عوام کے اس مطالبے کو عملی جامعہ پہنائے گی۔ لینڈ ریفارمز کے ذریعے نو توڑ رول اور خالصہ سرکار کو ختم کیا جارہا ہے جس کے بعد 100 فیصد زمین کی ملکیت گلگت بلتستان کے عوام کو ملے گی۔ زمین کی تقسیم کار کا اختیار متعلقہ گاﺅں کی کمیٹی کو دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے لینڈ ریفارمز ایکٹ تیار کیا گیا ہے۔ جن لوگوں نے غیر قانونی طور پر زمینوں پر قبضے کئے ہیں ان کے غیر قانونی انتقالات لینڈ ریفارمز ایکٹ کے تحت ختم ہوں گے، اس لئے لینڈ مافیاز لینڈ ریفارمز ایکٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ لینڈ ریفارمز سے لینڈ مافیا کا نقصان اور عوام کو فائدہ ملے گا۔ حکومت عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔ اگر کوئی مثبت تجاویز دے گا تو ان مثبت تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے وفد نے لینڈ ریفارمز ایکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والا لینڈ ریفارمز ایکٹ عوام کے مفاد میں ہے۔ اس ایکٹ کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو زمینوں کی ملکیت ملے گی جس کی حمایت کرتے ہیں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگر سپریم کونسل، پاکستان پیپلز پارٹی نگر اور عمائدین نگر سمیت مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نگر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
مفاد عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلئے ٹائم لائنز کا تعین کیا گیا ہے اور محکموں کو پابند بنایا گیا ہے کہ ان ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ نگر میں تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں کی بہتری کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ کاڈو سنٹر دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاڈو سنٹر کا قیام انتہائی احسن اقدام ہے۔ اس سنٹر کے تحت خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے اور معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکومت کاڈو سنٹر کی طرز پر تمام اضلاع میں سنٹرز قائم کرے گی۔