اسلام ٹائمز۔ کراچی کے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے مبینہ جعلی نتائج اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالے جانے کے حوالے سے جماعت اسلامی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے ماضی کی طرح اپنی انتخابی دہشت گردی جاری رکھی، ہم عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا اور جعلی نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ 15 نوبر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے ذریعے پری پول رگنگ سمیت الیکشن ڈے کی تفصیلات کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ امیر جماعت نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے عملے کی ملی بھگت سے ماضی کی طرح ایک بار پر دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدترین دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کے خلاف جماعت اسلامی بھر پور احتجاج اور قانونی جدوجہد کرے گی۔