0
Friday 15 Nov 2024 03:04

قتل کی دھمکی، ہراسگی واقعہ، خواجہ آصف نے لندن پولیس کو رپورٹ درج کرا دی

قتل کی دھمکی، ہراسگی واقعہ، خواجہ آصف نے لندن پولیس کو رپورٹ درج کرا دی
اسلام ٹائمز۔ لندن ٹرین میں قتل کی دھمکی دینے، ہراساں کرنے اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا معاملہ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لندن پولیس کو رپورٹ درج کرا دی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی پاکستان ہائی کمیشن لندن آمد ہوئی، خواجہ آصف نے پاکستان ہائی کمیشن میں مقامی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو ٹرین میں چھری سے قتل کی دھمکی اور ہراسگی واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ خواجہ محمد آصف نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات لندن ٹرانسپورٹ پولیس کر رہی ہے، افسوسناک واقعہ 11 نومبر 2024ء سہ پہر قریباً ساڑھے 3 بجے الزبتھ لائن میں پیش آیا، لندن میں نجی دورہ پر ہوں، اپنے ایک عزیز کے ہمراہ الزبتھ لائن کے ذریعے ریڈنگ جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 3 سے 4 افراد پر مشتمل ایک خاندان کے افراد نے ٹرین میں ہراساں کیا، بلا اجازت ویڈیو بنائی، نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور چھری سے قتل کرنے کی دھمکی دی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ واقعہ میں ملوث کسی فرد کو نہیں پہچانتا، لندن ٹرانسپورٹ پولیس سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے متعلقہ ملزمان کا سراغ لگائے۔ انہوں نے کہا کہ قتل کی دھمکیاں اور ہراساں کرنے کے ایسے مذموم واقعات برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے لیے بھی باعث شرم اور قابل افسوس ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1172644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش