اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت دعوے اور اعلانات نہیں بلکہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، تعلیم اور صحت سمیت گورننس میں بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات نوشتہ دیوار ہیں، ڈیڑھ سال میں حکومت کے کسی بھی رکن پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام تک نہیں، گزشتہ اٹھارہ ماہ میں چوہدری انوارالحق کی حکومت کے اقدامات کے ثمرات ہر گھر تک پہنچے ہیں، ریاست کا ہر شخص سروس ڈیلیوری میں بہتری محسوس کر رہا ہے، موجودہ دور حکومت میں ہر حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات سے برہان وانی پریس کلب مظفرآباد، کالج لیب اسسٹنٹ ایسوسی ایشن سمیت دیگر وفود نے ملاقاتیں کیں اور انہیں مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں بلاتخصیص تعمیروترقی کیلیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ شدید مالی مشکلات اور باالخصوص سستی ترین بجلی اور آٹے کی فراہمی کے باوجود آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل بھرپور انداز میں جاری رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم چوہدری انوارالحق اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے خود آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کے دورے کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیا ہے۔ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی فوکس کر رکھا ہے، شاہراہ نیلم سمیت تولی پیر روڈ جیسے گیم چینجر منصوبوں سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ وہاں کے مقامی لوگوں کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ این ٹی ایس اور پی ایس سی کے ذریعے آزاد کشمیر کے پڑھے لکھے جوانوں کی میرٹ پر تعیناتیاں کی گئی ہیں، عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔