اسلام ٹائمز۔ فسلطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں ہمارے مجاہدوں کی دلاوری اور میدان میں ان کی اعلی کارکردگی نے دنیا بھر کے آزاد انسانوں کے لئے ایک متاثر کن مثال قائم کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ابو عبیدہ نے لکھا کہ غاصب صیہونی دشمن اپنی بزدل فوج کے جھوٹے امیج کی حفاظت کے لئے اپنے حقیقی جانی و مالی نقصانات کو مسلسل چھپانے کی کوشش میں ہے جبکہ غزہ کی پٹی کے شمال میں غاصب صیہونی رژیم کے بزدل فوجیوں کی حالت انتہائی ابتر و نا گفتہ بہ ہو چکی ہے! القسام کے ترجمان نے تاکید کی کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں بے گناہ فلسطینی شہریوں کے خلاف جاری غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی نسل کشی و نسلی تطہیر پر مبنی انسانیت سوز جنگ؛ غاصب صہیونی فوج کی حد درجہ نا اہلی و رسوائی پر پردہ ڈالنے کے مقصد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی دشمن کے بعض قیدیوں کی قسمت کا انحصار؛ بعض علاقوں میں اس کی فوج کی چند سو میٹر کی پیش قدمی پر ہے جو شدید حملات کی زد میں ہے!
واضح رہے کہ فلسطینی مجاہدین نے حالیہ ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں اور جبالیا کیمپ میں گھات لگا کر انجام دی جانے والی متعدد مزاحمتی کارروائیوں میں غاصب صیہونی فوجیوں کی ایک قابل ذکر تعداد کو ہلاک و زخمی کیا ہے۔