ہمیں مقاومت کے شہداء کا باقی کام مکمل کرنا چاہئے، جنرل محمد رضا نقدی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر جنرل "محمد رضا نقدی" نے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ساری دنیا غاصب صیہونی رژیم کے جرائم کی مذمت کر رہی ہے اور صیہونی، ساری دنیا میں رسوا ہو چکے ہیں۔ عالمی منظرنامے میں اسرائیل ایک عارضی ریاست کے طور پر دِکھتا ہے اور اس بات کا اعتراف اس رژیم کے کرتا دھرتا کر چکے ہیں کہ آپریشن طوفان الاقصیٰ کے بعد ہم 30 سال پیچھے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقیناََ خطے کا کوئی بھی فرد اس رژیم کو زندہ رہنے کی اجازت نہیں دے گا۔ جنرل محمد رضا نقدی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پوری قو٘ت سے استقامتی محاذ کی حمایت کرنی چاہئے۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم شہداء کا باقی ماندہ کام پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ لہٰذا یہ جنگ مقبوضہ سرزمین سے اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے کے بغیر مکمل نہیں ہو گی۔