0
Wednesday 16 Oct 2024 09:57

برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، بیرسٹر سلطان

برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری اس سلسلے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بنیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بعد سے اب تک بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں اور وہ ان تبدیلیوں کی آڑ میں مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ لہذا اس سلسلے میں پوری دنیا میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔ مودی سرکار جو کہ ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہے نے حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈرامہ رچایا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ کشمیری استصواب رائے کے علاوہ کسی چیز پر بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ لہذا برطانیہ میں آباد کشمیری برطانوی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں کو ختم کرانے کے لئے آواز اُٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں برطانیہ کے شہر لوٹن کی سٹی کونسل کے کونسلر ظہور احمد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ظہور احمد نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ ہم آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ سے لے کر سٹی کونسلز تک مسئلہ کشمیر پر قراردادیں پاس کروا رہے ہیں جس سے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں بڑی تقویت مل رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1166718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش