اسلام ٹائمز۔ نامعلوم شرپسندوں نے دکی کے کوئلہ کانوں پر حملہ کرتے ہوئے 20 مزدوروں کو جاں بحق کر دیا۔ جن کا تعلق ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، کچلاک، لورالائی، شاہرگ، موسیٰ خیل اور ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بلوچستان کے شہر دکی کے کوئلہ کانوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ میں کانوں میں کام کرنے والے 20 مزدور جان بحق ہو گئے ہیں۔ جن میں سے 6 کا تعلق بلوچستان کے ضلع ژوب، 4 کا تعلق قلعہ سیف اللہ، 3 کا تعلق پشین، تین کا تعلق افغانستان اور چار کا تعلق کچلاک، لورالائی، موسیٰ خیل اور شاہرگ سے بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گزشتہ شب پہلے کانوں پر راکٹوں اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ بعد ازاں فائرنگ کی۔ جس میں 20 مزدور جانبحق ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جنہیں ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مسلح شرپسندوں نے دکی کے دس کوئلہ کانوں کی مشینوں کو بھی نذر آتش کیا ہے۔