اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری نے کہا ہے کہ فلسطین پر غاصب، قابض، ظالم امریکی پالتو پاگل اسرائیلی کتے پر اقوام متحدہ کیوں قابو نہیں پاسکتی، کیا اقوام متحدہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن اسرائیل سے کمزور ہے یا اس سے ڈرتی ہے یا پھر جانبدار بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ ستاریہ گلشن اقبال میں علامہ عبدالخالق فریدی سلفی اور جامع مسجد زکریا مدرسہ منبع العلوم انسداد منشیات مرکز کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر موجود علماء مشائخ، اساتذہ و طلبہ نے غزہ فلسطین سے آگے بڑھ کر لبنان، یمن، شام میں بھی روز بروز بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت سینکڑوں مظلوموں کی شہادت پر اپنی گہری تشویش اور مسلم حکمرانوں کی بے بسی، مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی۔
علماء مشائخ نے حکومت اور افواج پاکستان سے اپیل کی کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے قائداعظم کے موقف کے بامصداق اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے اپنا موثر عالمی کردار اداکریں، پاکستان کے علماء و عوام غزہ و فلسطین، لبنان، یمن، شام کے مقاومتی و مزاحمتی مظلوم مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کی فتح یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ مولانا محمد امین انصاری نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اپنی افادیت کھو چکا ہے، مسلم حکمران قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنی مشترکہ اسلامی فوج اور اپنے دین و ایمان کی بقاء و حفاظت اور معاشی استحکام کیلئے اپنی علیحدہ مسلم اقوام متحدہ تشکیل دیں جس کی قیادت ایٹمی پاکستان، سعودی عرب اور ایران مشترکہ طور پر کرسکتے ہیں۔