اسلام ٹائمز۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے جنوبی امریکہ سے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، بھاری مالیت کی 5 کلو کوکین برآمد اور 2 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ اے این ایف کے ترجمان کے مطابق مذکورہ منشیات کی پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر ترسیل کی جانی تھی، جنوبی امریکہ سے ہونے والی سملنگ کے پس منظر میں اے این ایف نے اپنے ذمہ دار انٹیلی جنس ذرائع اور زمینی دستوں کو استعمال کرتے ہوئے بحریہ ٹائون لاہور میں مقیم چوہدری سلیمان علی برطانوی نژاد (دوہری شہریت کے حامل) پاکستانی کو اس کے بھائی چوہدری حبیب جو کہ برطانوی شہری ہے، کے ساتھ کلیدی سمگلروں کے طور پر شناخت کیا۔
ڈی ٹی او کے ارکان صوبے اور ملک میں کوکین کی تقسیم کو منظم کرنے کے ذمہ دار تھے۔ جمعہ کے روز لاہور میں مربوط انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں خفیہ افسر کو منشیات فروش سلمان سے متعارف کرایا گیا، جو قابل عمل معلومات کے حصول کے لیے تھا۔ آپریشنل پلان پر عمل کے دوران خفیہ افسر نے سلمان کے ساتھ تین ملاقاتیں کیں اور اس سے کوکین کے دو نمونے کامیابی سے حاصل کیے۔ مجرم کو پھنسانے اور اس کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے ڈمی کیش کا بھی استعمال کیا گیا۔ اسی دوران اے این ایف کی انٹیلی جنس ٹیموں کے ذریعے طویل کڑی نگرانی کی گئی۔ یہ سب کچھ بحریہ ٹائون لاہور میں سلمان علی اور عامر حبیب کے مشتبہ ٹھکانے/گھر کی نشاندہی کا باعث بنا۔
نتیجے کے طور پر 20 دسمبر 2024ء کو اے این ایف کی انٹیلی جنس ٹیم نے اے این ایف پنجاب کے ساتھ مل کر جلال سنز بیکرز، بحریہ ٹائون لاہور کے قریب خفیہ آپریشن کیا اور ملزم سلمان کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے پاس سے کوکین کے 2 کلو وزن کے 2 بلاکس برآمد کر کے ہنڈا سٹی کار کو قبضے میں لے کر منشیات سمیت ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر کئے گئے فالو اپ آپریشن میں بحریہ ہومز لاہور میں واقع سلمان کے گھر پر ایک منصوبہ بند چھاپہ مارا گیا۔ گھر کی تلاشی کے دوران اس کے گھر سے کوکین کا1 کلو وزنی پیکٹ برآمد ہوا۔ اسی دن سلمان کی نشاندہی پر کی جانے والی ایک اور کارروائی میں بحریہ ٹائون لاہور کے اوورسیز بلاک اے میں ایک اور چھاپہ مارا گیا۔
جس کے دوران عامر حبیب نامی ایک اور ملزم کو اس کے گھر کے سامنے سے گرفتار کیا گیا۔ موقع پر گاڑی سے کوکین کے 2 کلو وزن کے 2 بلاکس برآمد کیے گئے، اس طرح چھاپوں کے سلسلے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے بعد سلمان علی اور امیر حبیب نامی دو مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے پاس سے مجموعی طور پر 5 کلو گرام کوکین برآمد کر کے دو گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ فلیگ شپ آپریشن ملک بھر خاص طور پر پنجاب میں کوکین کی بڑے پیمانے پر سپلائی کو روکنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اے این ایف اپنے مشن ایک قوم، ایک منزل منشیات سے پاک پاکستان پر سختی سے کاربند ہے۔