اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فوج نے ایرانی میزائل حملوں میں اپنے فوجی اڈوں کے نشانہ بننے کا اعتراف کر لیا۔ ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کو ہوئے ایرانی میزائل حملوں میں دو ائیر بیس نشانہ بنے، ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنائے گئے ائیرفورس کے اڈے مکمل فعال ہیں۔ ترجمان اسرائیلی فوج کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملوں کا جواب جو بہتر وقت لگے گا، اس وقت دیں گے، اسرائیلی سیاسی قیادت کی ہدایت کے مطابق بتائے گئے وقت اور جگہ پر حملہ کریں گے۔ خیال رہے کہ یکم اکتوبر کی شب ایران نے اسرائیل پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے تھے، جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں کی حالیہ شہادتوں، لبنان میں جارحیت اور غزہ میں نسل کشی کی جنگ کا بدلہ ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق ایران نے پہلی بار ہائپرسونک الفتح میزائل کا استعمال کیا اور دعویٰ کیا کہ ایران کے 90 فیصد میزائلوں نے کامیابی سے اسرائیل میں اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں نیواتیم ائیربیس سمیت مختلف ائیر بیسز اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج ایران پر بڑا اور شدید فوجی حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔