اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف مذہبی شخصیت و رہنما متحدہ علماء محاذ پاکستان پیر خواجہ سید معاذ علی چشتی نظامی کا کہنا ہے کہ شہید سید حسن نصراللہ مجاہد اسلام تھے، ان کی شہادت سے عالم انسانیت سوگوار ہے، دنیا بھر میں امت مسلمہ ظلم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت کا جذبہ دل میں رکھتے ہوئے مجاہد اسلام حسن نصراللہ سے عہد کرتی ہے کہ ہم آپ کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے مقبوضہ فلسطین، مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اپنے تعزیتی بیان میں پیر خواجہ سید معاذ علی چشتی نظامی نے مزید کہا کہ نام نہاد سپر پاور یہ جان لے کہ اہل حق سپر پاور صرف اللہ کی ذات کو مانتے ہیں، کربلا کو ہم بھولے نہیں، کربلا سے ہمیں ظلم کے خلاف جانوں کے نذرانہ دینے کا درس ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی مظلوموں کے حقوق کیلئے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے ضرورت پیش آنے پہ اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کو واصل جہنم ہوتے ہوئے دنیا اپنی آنکھوں سے دیکھے گی اور نام نہاد سپر پاور ریاست زمین بوس ہوگی۔