اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی مقامات پر وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کے بعد، اسرائیل کے وزیر خارجہ نے اپنے اتحادیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی حمایت اور مدد کریں۔ فارس نیوز کے مطابق صہیونی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر خارجہ، یسرائیل کاٹز نے دنیا کے کئی ممالک میں اپنے ہم منصبوں سے درخواست کی ہے کہ ایران اور حزب اللہ کے ممکنہ جوابی حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت کریں۔ اسرائیلی اخبار "ٹائمز آف اسرائیل" نے اس حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے وزیر خارجہ نے ایک تحریری درخواست میں متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ، ایران اور خطے کی دیگر مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ تنازعے میں اسرائیل کا ساتھ دیں۔
حزب اللہ لبنان نے آج (اتوار) صبح اطلاع دی کہ انہوں نے مقبوضہ فلسطین کے اندر اسرائیلی مقامات پر پہلے مرحلے میں 320 سے زیادہ کاتیوشا میزائل فائر کر کے ایک وسیع آپریشن شروع کیا ہے۔ کاٹز نے حزب اللہ کی کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مکمل جنگ کے حق میں نہیں ہے لیکن وہ موجودہ صورتحال کے مطابق عمل کرے گا۔ حزب اللہ کے آپریشن کے بعد، اسرائیلی فوج نے شمالی اور مرکزی مقبوضہ فلسطین میں رہنے والے بستی نشینوں کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کیا۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مخصوص علاقوں میں 30 سے زیادہ افراد کا کھلی جگہوں پر جمع ہونا ممنوع ہے اور لوگ صرف اسی صورت میں اپنے کام پر جا سکتے ہیں جب وہاں بمباری کے دوران مناسب پناہ گاہیں موجود ہوں۔